میٹرک امتحانات کے نتائج، لاہور کی کم عمر ترین طالبہ نبتہل فاطمہ نے 1100میں سے 1054 نمبر لیکر سب کو حیران کردیا

لاہور (نیوز پاکستان) پنجاب بھر کے مختلف ثانوی و اعلی ثانوی بورڈز نے میٹرک کے سالانہ امتحانات کے نتائج کا اعلان کردیاہے۔ نتائج کے مطابق طلباء اور طالبات میں صحت مندانہ مقابلہ دیکھا گیا، کہیں طلباء نے بازی مار لی اور کہیں طالبات نے مات دے دی۔ لاہور بورڈ کے جاری کردہ نتائج کے مطابق میٹرک امتحانات میں 227221 طلبا نے شرکت کی جن میں سے 163026 طلبا نے کامیابی حاصل کی جبکہ 64195 طلبا میٹرک امتحانات پاس نہ کرسکے۔میٹرک امتحانات میں کامیابی کا مجموعی تناسب 71.75 فیصد رہا۔ سائنس گروپ میں کامیابی کا تناسب 80.48 جب کہ آرٹس گروپ میں 53.18 رہا۔لاہور بورڈ کے میٹرک کے امتحانات میں نمایاں پوزیشنیں حاصل کرنے والے طلبہ و طالبات کے اعزاز میں مقامی ہوٹل میں تقریب کاانعقاد کیاگیا، جس میں نمایاں پوزیشن حاصل کرنے والے طلبہ کو میڈلز سے نوازا گیا۔ تقریب کے مہمان خصوصی صوبائی وزیر اسکول ایجوکیشن مراد راس اور صوبائی وزیر ہائیر ایجوکیشن راجہ یاسر ہمایوں تھے۔تقریب میں پہلی پوزیشن حاصل کرنے والے طلبہ کو بیس ہزار روپے کیش اور میڈل سے نوازا جائے گیا جبکہ دوسری پوزیشن حاصل کرنے والے طلبہ کو پندرہ ہزار روپے کیش اور میڈل سے نوازا گیا۔ تیسری پوزیشن حاصل کرنے والے طلبہ کو دس، دس ہزار روپے کیش اور میڈل دیے گئے۔
میٹرک امتحانات میں نمایاں نمبر حاصل کرنے والوں میں ایک علامہ اقبال ٹاؤن لاہور کی رہائشی طالبہ نبتہل فاطمہ بھی ہیں جنہوں نے انتہائی کم عمر میں میٹرک امتحانات 2019 میں 1100میں سے 1054 نمبر لے کر نمایاں پوزیشن حاصل کی، نبتہل فاطمہ نجی تعلیمی ادارے یونیک ہائی سکول میں زیر تعلیم ہیں، اس پرمسرت موقع پر نبتہل فاطمہ کا کہنا تھا کہ میری یہ کامیابی میرے ماں باپ کی دعاؤں اور اساتذہ کی انتھک محنت کا نتجہ ہے، نبتھل فاطمہ نے مزید کہا کہ میں محنت جاری رکھتے ہوئے ملک وقوم کا نام روشن کروں گی۔ جبکہ انہوں نے مستقبل میں ڈاکٹر بننے کی خواہش کا اظہار کیا۔

اپنا تبصرہ بھیجیں